بنیادی صفحہ / قومی / سی آر شمسی کی صحافیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ناصر زیدی

سی آر شمسی کی صحافیوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ناصر زیدی

 


رپورٹ: ایسوسی ایٹڈ پریس سروس
اسلام آباد: صدر اور سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے نے معروف صحافی رہنما، انسانی حقوق اور جمہوری روایات کے علمبردار سی آر شمسی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت و اظہار رائے کے فروغ کے لیے کوشاں رہنے والے سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے کی موجودگی کارکنوں کے لیے حوصلے اور تقویت کا باعث تھی، ان کی وفات سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا آسان نہیں ہو گا۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس صحافی کارکنوں کے حقوق کی جد وجہد، آزادی صحافت و اظہار رائے اور انسانی حقوق کی حرمت کے لیے ان کی جلائی مشعل کو کبھی بجھنے نہیں دے گی اور ان کے خوابوں کی تعبیر تک کوشش کرتی رہے گی۔ صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ سی آر شمسی نہ صرف صحافی کارکنوں بلکہ مزدوروں، محنت کشوں، اور کمزور طبقات کے حقوق کے لیے بھی جدو جہد کرتے رہے۔ انہوں نے عمر بھر جمہوریت کی بحالی، بقا اور بالادستی کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں مختص کیے رکھیں، انسانی حقوق کی جدو جہد،صحافی کارکنوں کے مسائل، آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کے لیے انہوں نے مارشل لا ادوار میں ڈکٹیٹر جبکہ جمہوری ادوار کے حکمرانوں کے سامنے صدائے احتجاج بلند کی، اور اس مقصد کی کامیابی کے لیے ہر طرح کی مشکلاات کا سامنا کیا۔ وہ مظلوم کے حق اور ظالم کے خلاف اٹھنے والی ہر آوازکی حفاظت اور فروغ کے لیے ہر وقت اور ہر جگہ دستیاب رہے، انہوں نے نہ صرف قلم سے بلکہ جہاں ضرورت پڑی عملی طور پر بھی ان تمام قوتوں کے خلاف جدوجہد کی جو جمہوریت اور انسانیت کو کچلنے کے لیے میدان میں تھیں۔پی ایف یو جے قائدین نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر، آئی اے رحمن اور سی آر شمسی جیسے نظریاتی لوگوں کی وفات ایسے دور میں ہوئی ہے جب آمرانہ سوچ معاشرتی اصولوں اور اقتدار کے ایوانوں میں سرایت کرتی جا رہی ہے، اخبارات، الیکٹرانک میڈیا اور سول سوسائٹی کی آواز کو دبانے کے لیے قانون سازی کی آڑ میں قدغن لگائی جا رہی ہے اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کے ایک بڑے معرکے میں اتر رہی ہے۔ ایسے حالات میں سی آر شمسی جیسی توانا آواز کے وصال سے پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنا آسان نہیں ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ہم بطور کارکن ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہر ممکن سعی کرتے رہیں گے۔

Like , Share , Tweet & Follow

تعارف: admin

x

Check Also

قانون کی بالادستی سے فکری انقلاب آسکتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم کاقومی رحمت اللعالمین ۖ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب ...