بنیادی صفحہ / قومی / ملک کا دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ

ملک کا دفاع کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی(چودھری احسن پریمی:ایسوسی ایٹڈ پریس سروس ) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اندرونی و بیرونی خطرات سے لڑنے کے لیے تمام صلاحیتوں سے لیس ہے اور فوج کی کامیابی بڑی حد تک عوام کی حمایت پر منحصر ہے۔یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔ جہاں صدر مملکت عارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ سمیت سول اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔ جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور شہیدوں اور غازیوں کو خراج پیش کرتے ہوئے ترانے پیش کیے گئے۔تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، شہدا، غازیوں اور حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، ان کے اہل خانہ اور دیگر نے شرکت کی۔’ہمارے شہدا ہمارا فخر، غازیوں اور شہیدوں سے تعلق رکھنے والے تمام رشتہ داروں کو سلام’ کے موضوع سے رواں برس یوم دفاع منایا گیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دفاع وطن قومی فریضہ ہے جو ہمیں جانوں سے عزیز ہے۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک کے مستحکم پاکستان کا سفر پاکستانی قوم کے جذبوں، ایثار اور وطن سے محبت کے عظیم روایات سے مزین ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگوں نے اپنی قربانی سے آزادی کی جو شمع جلائی، اس سے ابتداہی سے کڑے امتحانوں کا سامنا کرنا پڑا، 1948 ہو یا ستمبر 1965 کی جنگ، یا 1971 کی لڑائی، معرکہ کارگل ہو یا دہشت گردی کے خلاف طویل اور صبر آزما جنگ، ہر آزمائش نے ثابت کردیا ہے کہ ہم ہر حالت میں اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں اور اس کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ آج کے دن تمام شہیدوں اور ان کے ورثا کے جذبے اور صبر و استقامت کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، جس طرح شہدا قوم کا فخر ہیں، آپ بھی ہمارا وقار ہے،آپ نے جو قربانیاں دی ہیں، پوری قوم آپ کی مقروض ہے۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے پیاروں کی قربانیاں نہ کبھی فراموش ہوں گی اور نہ رائیگاں جائیں گی، آج کی تقریب کا مقصد اسی عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کو کبھی نہ بھولیں اور ان کے ورثا کی نگہبانی ہماری ذمہ داری ہے اور اس ملک کی سلامتی اور امن ہمیں ہر حال میں مقدم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری وطن سے محبت تمام ذاتی، گروہی، لسانی و نسلی تعصبات سے بالاتر ہے اور پاکستان کی حفاظت، امن اور ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے ہم کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کسی بھی قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات، روایتی و غیر روایتی جنگ اور ظاہری و پوشیدہ دشمنوں سے لڑنے کے لیے تمام صلاحیتوں سے لیس ہے، اگر کوئی دشمن ہمیں آزمانا چاہتا ہے تو وہ ہمیں ہر لمحہ اور ہر محاذ پر تیار پائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، ہم نے ہر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنایا اور سب سے بڑھ کر یہ کہ دفاعی قوت میں خود انحصاری حاصل کرکے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمیں اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاک فوج اور قوم کا رشتہ وہ مضبوط ڈھال ہے، جس نے دشمن کی پاکستان کی خلاف تمام چالوں اور ہتھکنڈوں کو ہمیشہ ناکام بنایا ہے اور اسی یک جہتی نے ہمیشہ ہرمشکل میں سرخرو کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں یہ امر بہت اہمیت کا حامل ہے کہ عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی فوج ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہے، جیسا کہ ہم نے اپنے ہمسایہ ملک میں دیکھا، اس لیے فوج کی کامیابی بڑی حد تک عوام کی حمایت پر منحصر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس حقیقت کو بھی مد نظر رکھنا ہوگا کہ موجودہ دور میں جنگ کی نوعیت بدل گئی ہے، اب براہ راست حملے کے بجائے، کسی قوم کی یک جہتی اور نظریاتی سرحدوں کو کمزور اور اس کے مختلف طبقات میں انتشار پھیلانے اور شہریوں کے حوصلے پست کرنے کے لیے دیگر حربوں کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی اور کمیونی کیشن کے ذرائع کو بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک ہماری مشرقی سرحد کا تعلق ہے، اس میں بالخصوص 2019 کے بعد کئی نازک لمحات آئے، مگر پاکستان نے صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا تاہم ہماری امن پسندی کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر کا مسئلہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے، ہم کشمیر کے بارے میں ہندوستان کے 5 اگست 2019 کے تمام یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کو رد کرتے ہیں جو تمام بین الاقوامی اصولوں کے منافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے جذبہ حریت، شہیدوں کی قربانی اور خاص کر سید علی گیلانی کی طویل اور عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں ہم ہرسطح پر اپنے کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔تقریب کے دوران پاک فوج کی جانب سے کارگل سمیت مختلف محاذوں میں دی جانے والی قربانیوں پر مشتمل ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔مشہور گلوکار عاطف اسلم سمیت دیگر نے قومی ترانے پیش کیے۔قبل ازیں ملک بھر میں یوم دفاع کے سلسلے میں مختلف تقاریب منعقد ہوئیں اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔کراچی میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی کے چاک و چوبند کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھالے۔نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدا پر پر وقار تقریب منعقد ہوئی، ملک کے استحکام اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔چیف آف نیوزل اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی نے یادگار پر پھول رکھے اور شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔

Like , Share , Tweet & Follow

تعارف: admin

x

Check Also

فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی

رپورٹ:ایسوسی ایٹڈپریس سروس،اسلام آباد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ...